۱۳۸۸ مرداد ۱۸, یکشنبه

’رحمان ڈکیت‘ پولیس مقابلے میں ہلاک

پاکستان کے جنوبی شہر کراچی میں پولیس کا کہنا ہے کہ رات گئے ایک پولیس مقابلے میں رحمان بلوچ عرف رحمان ڈکیت کو تین ساتھیوں سمیت ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق رحمان بلوچ کراچی کے علاقے لیاری میں گزشتہ کئی برسوں سے جاری گینگ وار اور دیگر جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے۔ وہ کئی مرتبہ پولیس کی تحویل سے فرار ہوچکے تھے۔ کراچی پولیس کے سربراہ وسیم احمد کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے کے قریب سٹیل ٹاون لنک روڈ پر پولیس نے چند گاڑیوں کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور رحمان بلوچ اپنے تین ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگئے۔ کراچی میں نامہ نگار ریاض سہیل نے بتایا ہے کہ حالیہ حکومت کے قیام کے بعد رحمان بلوچ نے لیاری میں جاری گینگ وار کے خاتمے اور قیام امن کے لیے کوششیں شروع کر رکھی تھیں اور آج کل ان کا ایک سیاسی کردار سامنے آ رہا تھا۔ ان کا تعلق لیاری کے علاقے سے تھا جہاں کی بہت بڑی اکثریت پاکستان پیپلزپارٹی کی حامی ہے۔ پولیس کا دعوٰی ہے کہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد لیاری گینگ وار میں ملوث رہے ہیں۔ رحمان بلوچ پر الزام تھا کہ وہ ڈکیتی سمیت ایک سو سے زیادہ جرائم میں ملوث تھے۔ حکومتِ سندھ نے ان کے سر پر پچاس لاکھ روپے کا انعام مقرر کیا تھا۔ گزشتہ دنوں رحمان بلوچ کی کوئٹہ سے گرفتاری کی خبریں آئی تھیں تاہم بعد میں کہا گیا کہ وہ پولیس کی حراست سے فرار ہوگئے ہیں۔
bbc

هیچ نظری موجود نیست: